جعلی خبر کیا ہے؟ اس کی شناخت اور بچنے کا طریقہ!

جعلی خبر کیا ہے؟

جعلی خبر عموماً 2 قسم کی ہوتی ہے: (۱) ایسی خبر جو بلکل سچ پر مبنی نہ ہواور خاص طور پر کسی کی ایذا رسائی کے لئے گھڑی گئ ہو یا (۲) ایسی خبر جس میں آدھا سچ ہو مگر مکمل طور پر سچ پہ مبنی نہ ہو۔

جعلی خبر سے بچاؤ

خبر شائع ہونے سے پہلے متعدد مراحل سے گزرتی ہے جس میں کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش کو کم سے کم بنایا جاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی قابلِ اعتماد ذرائع سے خبر حاصل کی جائے۔ جعلی خبر سے بچنے کے لئے کچھ چیزوں سے با خبر رہنا ضروری ہے:

  1. آج کل کے دور میں کئی خبروں کو سچ دکھانے کے لئیے اخبار کے صفحے پر بھی دکھایا جا رہا ہے، یاد رہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ سچ پر مبنی ہیں۔ اس دور میں سافٹ ویرٴز کی مدد سے بلکل اخبار جیسے خاکے بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، لہٰذا ایسی خبروں کی تصدیق اخبارات کی اصل ویب سائٹ پر جا کر کریں۔

  2. ضروری نہیں کہ جو خبر دیکھنے اور سننے میں حیران کن ہو وہ سچ بھی ہو، اس کی سچائی جاننے کے لئے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے اس کی جانچ پڑتال کی کوشش کریں۔

  3. یاد رہے اگر ایک ویب سائٹ مقبول ہے تو ضروری نہیں اس پر آنے والی سب خبریں سچ ہوں گی، اس لئے تمام حوالہ جات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے خبر کی تصدیق کریں۔

  4. ایسی تمام خبروں کو مسترد کردیں جن میں خبر کے مصنف کا نام یا خبر کا ماخذ (سورس) لکھا ہوا نہ ہو کیونکہ اس صورت میں خبر بنانے والے کا مواخذہ ممکن نہیں ہوتا اور خبر جھوٹی بھی ہو سکتی ہے۔

  5. اکثر جعلی خبریں پرانے مواد کو استعمال کر کے بھی گھڑی جاتی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ خبر پڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی تاریخ کی بھی تصدیق کی جائے۔

نوٹ : تصدیق کے بغیر خبر شئیر کرنے یا پھیلانے سے گریز کریں۔